Fact Check: اجمیر درگاہ کے معاملہ کے پیش نظر بی جے پی لیڈر کے بے ہوش ہونے کا پرانا ویڈیو وائرل
گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجئے روپانی کا فروری 2021 میں ریلی کے دوران بے ہوش ہونے کا ویڈیو اجمیر درگاہ کے خلاف عدالت میں دائر عرضی سے جوڑ کر وائرل کیا جارہا ہے۔
Claim :
اجمیر درگاہ کے سروے کی مانگ کرنے والوں کا ہی سروے ہوگیاFact :
یہ بی جے پی کی 2021 الیکشن ریلی کا ویڈیو ہے اور اس کا اجمیر درگاہ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے
خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ برصغیر پاک و ہند میں معروف درگاہوں میں سے ایک ہے۔ راجستھان کے اجمیر شہر میں واقع اس درگاہ پت ہر روز ڈیڑھ لاکھ سے زائد عقیدت مند، جن میں ہندووں کی کثیر تعداد شامل، حاضری دیتے ہیں۔ خطے میں اس درگاہ کو تصوف کا گہوارہ مانا جاتا ہے۔
لیکن حالیہ چند دنوں میں جہاں مسجدوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں درگاہوں پر مندروں کے وجود کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ ہندو سینا کے سربراہ وشنوگپتا نے اجمیر سیول عدالت میں داخل اپنی عرضی میں کہا ہیکہ شیو مندر کے اوپر مزار تعمیر کیا گیا ہے۔ سنوائی کے بعد، اجمیر شریف درگاہ کمیٹی نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ "شیو مندر کے وجود سے متعلق 'بے بنیاد' سیول سوٹ کو برخواست کرے۔" اس معاملے پر اگلی سماعت 24 جنوری کو ہوگی۔
اس بیچ، سوشل میڈیا پر ایک بی جے پی لیڈر کو اسٹیج پر بے ہوش ہوتا دکھانے والا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ "چلے تھے درگاہ کا سروے کرنے۔ لو اب خود کا ہی سروے ہوگیا۔
اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر شئیر کرتے ہوئے @shakir_shahidi_313 نامی صارف نے لکھا کہ "مت الجھو علی کی اولادوں سے ظالموں۔۔"۔ اس پوسَٹ کو 26ہزار سے زائد صارفین نے لائیک کیا ہے۔
وائرل پوسٹ کے لنک یہاں اور یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کا اسکرین شاٹ دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال میں پایا کہ وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی ہے۔
ویڈیو کو غور سے دیکھنے پر اس کے بیج گراونڈ میں ہم گجراتی زبان دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ میں بی جے پی کا انتخابی نشان بھی دکھایا گیا ہے۔ اس جانکاری کی مدد سے ہم نے مناسب کیورڈس کا استعمال کرتے ہوئے گوگل سرچ کیا تو ہمیں کئی ایک نتائج ملے جن میں ویڈیو اور نیوز آرٹیکل شامل ہیں۔ 14 فروری 2021 کی ان رپورٹس کے مطابق، اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلیٰ وجئے روپانی اسٹیج پر تقریر کے دوران بے ہوش ہوکر گرپڑے۔
ہندوستان ٹائمس کے مطابق، گجرات کے وزیر اعلی وجئے روپانی اتوار کے روز یعنی 14 فروری 2021 کو وڈودرا کے نظام پورہ علاقے میں بلدیاتی انتخابات سے قبل ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیج پر بے ہوش ہوگئے۔
نظام پورہ ریلی کے ویڈیو کو وجئے روپانی کے ٹوئیٹر ہینڈل سے لائیو براڈکاسٹ کیا گیا تھا۔ ویڈیو کے آخر میں سابق وزیر اعلیٰ کو اسٹیج پر بے ہوش ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اتوار کے دن روپانی کی یہ تیسری انتخابی ریلی تھی۔ معروف اخبار دی ہندو کے مطابق، لو بلڈ پریشر کی وجہ سے وزیر اعلیٰ پر غنودگی طاری ہوگئی تھی۔ انہیں اسٹیج پر فوری طبی امداد دی گئی اور پھر دواخانہ منتقل کیا گیا۔ ابتدائی علاج کے بعد وہ احمدآباد کیلئے روانہ ہوگئے۔ غور طلب ہیکہ گجرات کے موجودہ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل ہیں۔
ان میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر یہ واضح ہوگیا کہ وائرل پوسٹ میں دکھایا گیا ویڈیو پرانا ہے اور اس کا عدالت میں زیر دوراں اجمیر درگاہ کے معاملے سے کوئی لینا دینا ہے۔ لہذا، وائرل پوسٹ میں کیا گیا دعویٰ فرضی پایا گیا۔