Fact Check: ریلوے ٹریک بچھانے کے جدید طریقہ کار کا ویڈیو بھارت کا نہیں ملائیشیا کا ہے
ویڈیو میں دکھایا گیا ہیکہ بھارت میں اب ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے فاسٹ ٹریک تعمیراتی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانے لگا ہے
Claim :
ویڈیو میں دکھایا گیا ہیکہ بھارت میں اب ریلوے ٹریک بچھانے کیلئے فاسٹ ٹریک تعمیراتی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانے لگا ہےFact :
یہ ویڈیو ملائیشیا کا ہے، جس میں ملائیشیا اور چین کے درمیان اشتراکیت پر مشتمل ایسٹ کوسٹ ریل لنک پروجیکٹ کے تحت ریلوے ٹریک بچھایا جا رہا ہے
بھارتی ریلوے نظام دنیا کے سب سے بڑے ریلوے نظاموں میں سے ایک ہے ، جو لاکھوں مسافروں کو ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل کرتا ہے اور ساتھ ہی ریلوے نظام کے ذریعے ملک بھر میں بڑی مقدار میں سازوسامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچاتا ہے۔ ملک کا ریلوے نظام ٹرینوں کی کارکردگی کو بڑھانے اور ٹرین خدمات کو موثر بنانے کیلئے تیزی سے ڈیجیٹل ٹکنالوجی کو اپنا رہا ہے۔ بھارتی ریلوے نے مسافر انفارمیشن سسٹم ، ٹرین سگنلنگ ، ٹکٹنگ ، کمپیوٹرائزڈ ویگن الاٹمنٹ سسٹم، ریئل ٹائم مانیٹرنگ وغیرہ جیسے آپریشنز کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کو لاگو کردیا ہے۔
ان دنوں فاسٹ ٹریک ٹیکنالوجی کی مدد سے ریلوے لائن نصب کرنے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اس دعویٰ کے ساتھ بڑے پیمانے پر شئیر کیا جارہا ہیکہ اب بھارت میں بھِی اس جدید ٹکنالوجی کو استعمال کیا جارہا ہے۔
اس ویڈیو کو تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا ہے اور اس وائرل پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ 'آؤ دیکھو کہ انڈیا میں نئی ٹکنالوجی کی مدد سے کس طرح ریلوے لائن بچھائی جارہی ہے'۔
وائرل ویڈیو کو ہندی میں اس دعوے کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔ “अब नए भारत में ऐसे बनाया जाता रेल मार्ग”. ترجمہ: اب نئے بھارت میں ایسے بنائی جاتی ہیں ریل کی پٹریاں
فیکٹ چیک :
یہ دعویٰ فرضی ہے۔
اس معاملے کی جانچ پڑتال کیلئے جب ہم نے ویڈیو سے نکالے گئے کلیدی فریمز کا گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہمیں پتہ چلا کہ Insight Xiangshan نامی ایک ٹویٹر اکاؤنٹ نے 9 جنوری 2024 کو یہ ویڈیو پوسٹ کیا تھا، جس کا عنوان تھا "ملائیشیا کے ایسٹ کوسٹ ریلوے نے پٹریاں بچھانی شروع کردی ہیں۔"
پھر ہم نے ملائشیا چین ریل منصوبے کے بارے میں مزید سرچ کیا تو ہمیں پتہ چلا کہ اسی طرح کی تصاویر چین کے خبررساں ادارہ Xinhua نیوز کے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کی گئی ہیں جس کے کیپشن میں لکھا ہے کہ " میگا ریل منصوبہ ایسٹ کوسٹ ریل لنک #ECRL، کے تحت چائنا کمیونیکیشنز کنسٹرکشن کمپنی نے ملائیشیا میں پہلی پٹری بچھائی ہے۔"
ہمیں AP News کے یوٹیوب چینل کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک اور ویڈیو نیوز رپورٹ بھی ملی جس کا عنوان تھا 'چین کی حمایت یافتہ ملائیشین ریلوے اب پٹری پر آگئی ہے'۔ ہم یہاں دیکھ سکتے ہیں کہ اس ویڈیو میں دکھایا گیا سامان وائرل ویڈیو کے سامان سے میل کھتا ہے۔'
آپ کی سہولت کیلئے یہاں ہم نے دونوں ویڈیوز کا موازنہ کیا ہے.
لہٰذا وائرل ویڈیو میں بھارت میں جدید ٹکنالوجی کی مدد سے جاری ریل کی پٹری بچھانے کا کام نہیں دکھایا گیا ہے بلکہ اس میں ملائشیا چین ریل پروجیکٹ کے تحت ملائیشیا میں ٹریک بچھانے کے کام کو دکھایا گیا ہے۔ یہ دعویٰ فرضی ہے۔