Fact Check:لبنان میں پیجرس دھماکوں کا امریکن یونیورسٹی کو قبل از وقت پتہ ہونے کی فرضی خبر وائرل
وائرل پوسٹ میں فرضی دعویٰ کیا گیا ہیکہ امریکن یونیورسٹی آف بیروت میڈیکل سنٹر کے انتظامیہ کو لبنان میں ہونے والے منصوبہ بند سائبر حملوں کی پہلے سے جانکاری تھی
Claim :
امریکن یونیورسٹی آف بیروت میڈیکل سنٹر کو منصوبہ بند پیجر دھماکوں کا پہلے سے علم تھاFact :
امریکن یونیورسٹی نے اسپتال کے پیجروں کی تبدیلی سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا
اسرائیل سے تنازعہ کے بیچ لبنان میں منگل کے روز بڑے پیما نے پر فوری رابطے کیلئے زیر استعمال پیجر کے دھماکے ہوئے۔ وزیر صحت فراس الابيض نے میڈیا کو بتایا کہ ان دھماکوں میں 2800 افراد زخمی ہوئے جن میں دو سو کی حالت تشویش ناک ہے۔
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے ان سلسلہ وار پیجر دھماکوں کیلئے اسرائیل کو مورد الزام ٹھرایا اور اسے ملک کی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی قراردیا۔ کہا جارہا ہیکہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی نے لبنان کے پیجرس میں فوجی سطح کا دھماکہ خیز مواد رکھا ہوگا۔
یاد رہے کہ متاثرین میں زیادہ تر عسکری تنظیم حزب اللہ کے اراکین شامل ہیں جو اسرائیل کی طرف سے مواصلات کی ہیکنگ سے بچنے کیلئے پرانی ٹکنالوجی کے پیجر استعمال کرتے ہیں۔
اس بیچ سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ وائرل کیا جارہا ہیکہ بیروت شہر میں واقع امریکن یونیورسٹی میڈیکل سنٹر کے ملازمین کو 29 اگست 2024 کو ایک ای-میل موصول ہوا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ انکے 'پرانے پیجرس' کو نئے پیجرس سے تبدیل کیا جارہا ہے۔ یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہیکہ اس میڈیکل سنٹر کے انتظامیہ کو منصوبہ بند سائبر حملے کی قبل از وقت جانکاری تھی اسلئے انتظامیہ نے ملازمین کے پاس سے پیجر ڈیوائیسیز چھین لئے تھے۔
On August 29, employees at the American University Medical Center in Beirut received an email informing them that their 'old pagers' would be replaced.
ترجمہ: "بیروت میں واقع امریکن یونیورسٹی میڈیکل سنٹر کے ملازمین کو 29 اگست کو ایک ای-میل موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ انکے 'پرانے پیجرس' لیکر انہیں نئے پیجرس دئے جائیں گے۔"
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی تحقیق کے دوران وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کو فرضی پایا۔
اپنی جانچ پڑتال کا آغاز کرتے ہوئے جب ہم نے وائرل مسیج کا گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہمیں کوئی خاطرخواہ نتائج نہیں ملے۔
پھر ہم نے میڈیکل یونیورسٹی کے نام سے سوشل میڈیا پر تلاش کیا تو ہمیں اس کا آفیشئل ایکس ہینڈل ملا جس پر یونیورسٹی نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
امریکن یونیورسٹی نے عربی اور انگریزی میں وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا: " اسپتال کا پیجنگ سسٹم انفرااسٹرکچر اپریل 2024 میں ہی اپ گریڈ کیا گیا تھا اور نئے سسٹم کو اپنانے کی 'گو۔لائیو' تاریخ 29 اگست 2024 تھی۔
یونیورسٹی نے مزید کہا کہ اسپتال میں 160 شدید طور پر زخمی افراد کو شریک کیا گیا ہے۔ ہماری پوری توجہ اور کوشش انکی زندگیاں بچانے میں لگی ہوئی ہے اور ہم ان بے بنیاد خبروں اور افواہوں پر اپنا واقت ضائع نہیں کرسکتے۔
لبنان کے انگریزی نیوز پورٹل L'Orient Today نے امریکن یونیورسٹی کا وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
لہٰذا، جانچ پڑتال سے پتہ چلا کہ امریکن یونیورسٹی آف بیروت میڈیکل سنٹر سے متعلق پھیلائی جاری خبر فرضی ہے۔ امریکی یونیورسٹی سے بیان جاری کرتے ہوئے پیجر دھماکے کی قبل از وقت جانکاری کے فرضی دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ اس سے پتہ چلا کہ سوشل میڈیا لبنان میں سائبرحملوں سے متعلق کیاگیا دعویٰ فرضی تھا۔