Fact Check: ڈونلڈ ٹرمپ اور سیکس اسکینڈل کے ملزم ایپسٹین کی تصاویر مصنوعی ذہانت کی اپج
سوشل میڈیا پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین کی دو تصاویر شئیر کی جارہی ہیں جس میں ٹرمپ اور جیفری کو ایک دوسرے کے بغل میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے، پہلی تصویر میں ان دونوں کو ہوائی جہاز میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے، دوسری میں انہیں خواتین کے ایک گروپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ارب پتی جیفری ایپسٹین ریاستہائے متحدہ امریکہ میں گذشتہ دہائی کے سب سے بڑے جنسی اسکینڈلز میں شامل تھا۔ جیفری کا جنسی اسمگلنگ کا معاملہ 2005 میں اس وقت منظر عام پر آیا جب پولیس نے ایک نابالغ لڑکی کو جنسی تعلقات قائم کرنے کیلئے اسے مبینہ طور پر پیسے دینے کے الزام میں اسے گرفتار کیا تھا۔ بعد میں عدالت نے جیفری کو جنسی مجرم قرار دیکر اسے سزائے قید سنائی اور اسکی موت جیل میں ہوئی، تاہم، جیل کے حکام نے سرکاری طور پر اسے خودکشی کا معاملہ قرار دیا تھا۔
عدالت میں پیش کردہ ایک قانونی دستاویز میں چند امیر اور بااثر لوگوں کے نام درج تھے جو جیفری کے مبینہ گاہک تھے۔ اس دستاویز میں امریکہ کے سابقہ صدور بل کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ، اور لیونارڈو ڈی کیپریو، ادکارہ کیمرون ڈیاز جیسے ہالی ووڈ کے اداکاروں کے نام شامل تھے۔ ان دستاویزات کے منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی جیفری ایپسٹین کیس کے موضوع نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ اس کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی جیفری ایپسٹین کے ساتھ کھینچی گئی کئی تصاویر انٹرنیٹ پر شئیر کی جانے لگیں۔
ان میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین کی دو تصاویر شامل ہیں۔ ان تصاویر میں ٹرمپ اور جیفری کو ایک دوسرے کے بغل میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے، پہلی تصویر میں ان دونوں کو ہوائی جہاز میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے، دوسری میں انہیں خواتین کے ایک گروپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تصویر -1
پہلی تصویر کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا گیا "لولیٹا ایکسپریس میں دونوں لیجنڈز ٹرمپ اور ایپسٹین #EpsteinClientList"
تصویر -2
دوسری تصویر میں ڈونلڈ ٹرمپ اور جیفری ایپسٹین کو دونوجوان لڑکیوں کے ساتھ ایک صوفے پر بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ 'ٹرمپ اور ایپسٹین۔ درحقیقت ٹرمپ جھوٹ بولتے ہیں، جبکہ تصویریں سچائی بیان کرتی ہیں۔'
:فیکٹ چیک
یہ دعویٰ فرضی ہے کیونکہ یہ تصاویر حقیقی نہیں ہیں، ان تصاویر کو آرٹیفیشیل انٹلی جنس [ مصنوعی ذہانت] ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا گیا ہے.
اس معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کیلئے جب ہم نے انٹرنیٹ پر ریورس امیج سرچ ٹول کا استعمال کرتے ہوئے ان تصاویر کو سرچ کیا تو ، ہمیں اس ضمن کوئی جانکاری نہیں ملی۔ پھر ہم نے ان تصاویر کو اے آئی امیج ڈیٹیکشن ٹولز جیسے ?Is it AI اور Hive ڈیٹیکٹر پر اپ لوڈ کیا تو ہم نے پایا کہ ان تصاویر کے مصنوعی ذہانت سے تیار کئے جانے کا زیادہ امکان تھا۔
پھر ہم نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کی دوسری تصویر کا بغور مشاہدہ کیا جن میں دونوں کو ایک صوفے پر بیٹھے دکھایا گیا ہے، تو ہمیں اس تصویر میں کئی اشارے ملے جو یہ واضح کرتے ہیں کہ یہ تصویر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہے۔ اس تصویر میں جیفری کی ٹانگیں غائب کردی گئی ہیں ، جیفری کے کندھے کے ارد گرد کئی ہاتھ نظر آتے ہیں جوکہ غیرمعمولی بات ہے اور تعجب کی بات ہیکہ ٹرمپ کے ایک ہاتھ میں چھ انگلیاں دکھائی گئی ہیں۔
اسلئے، ٹرمپ اور جیفری کو ایک ساتھ دکھانے والی وائرل تصاویر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ہیں ، اگرچہ کہ ان دونوں کی ایک ساتھ متعدد حقیقی تصاویر موجود ہیں، لیکن یہ دونوں تصویریں حقیقی نہیں ہیں۔ پس یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔