Fact Check:کانگریس حکومت میں رعیتو بندھو اسکیم میں کوئی تبدیلی نہیں
تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد سوشل میڈیا ایک نیا دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ ریونت ریڈی کی قیادت والی حکومت سابق بی آر ایس حکومت کے ذریعہ نافذ کی گئی رعیتو بندھو اسکیم میں نئی ہدایات متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔
رعیتو بندھو بھارت کی پہلی براہ راست کسان سرمایہ کاری سپورٹ اسکیم ہے ، جس میں نقد رقم راست طور پرکسان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جاتی ہے۔ سابقہ بی آر ایس حکومت نے 2018 میں یہ اسکیم شروع کی تھی۔ اس میں تلنگانہ کے کسانوں کو خریف اور ربیع سیزنوں کے لئے سال میں دو مرتبہ 10 ہزار روپے فی ایکڑ مالی امداد دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
انتخابی مہم کے دوران، الیکشن کمیشن نے فنڈز کی تقسیم کوانتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے روک دیا تھا۔ تلنگانہ میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ریاست کی عوام میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ کانگریس کی قیادت والی نئی حکومت رعیتو بندھو اسکیم کی گائیڈ لائنز میں تبدیلی کرے گی، جس سے اسکیم کے استفادہ کنندگان کی تعداد گھٹ کر رہ جائیگی۔
اس بیچ تلگو تحریر میں لکھا ایک ٹیکسٹ میسج سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے ہوئَے دعویٰ کیا گیا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے نفاذ سے متعلق ریاستی حکومت نئی ہدایات جاری کریگی۔ اس مسیج میں نئی ہدایات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اسکیم صرف 5 سے 10 ایکڑ کے بیچ اراضی رکھنے والے کسانوں کے لئے لاگو ہوگی، اگر کوئی زمیندار سرکاری ملازم بھی ہے تو وہ اسکیم کیلئے اہل نہیں ہوگا، اسی طرح GST ادا کرنے والے اور Income Tax ریٹرن جمع کرنے والے اور ساتھ ہی 20 لاکھ روپئے سے زیادہ کے قرض دہندہ کسان بھی اس اسکیم سے استفادہ نہیں کرپاسکیں گے۔
تیلگو میں دعوی:
రైతు బంధు కొత్త రూల్స్ పెడుతున్నారా?
-5నుంచి -10 ఎకరాలు లోపు వారికి మాత్రమే...
-ప్రభుత్వ ఉద్యోగస్తులకు కట్..?
-ఐటి కట్టే వారికి GST, ఉన్నవారికి రైతు బంధు బంద్...?
-20లక్షల పైన లోన్ ఉన్నవారికి కట్...?
ترجمہ: اس مسیج میں لکھا گیا ہے: 'کیا رعیتو بندھو کی اہلیت کے لیے نئی گائیڈ لائِنس بنائی جا رہی ہیں؟
- صرف ان لوگوں کے لئے جن کے پاس 5 سے10 ایکڑ زمین ہے...؟
- سرکاری ملازمین کو اسکیم سے نکال دیا جائیگا ...؟
- رعیتو بندھو کا فائدہ وہ لوگ نہیں اٹھا سکتے جو انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں اور جی ایس ٹی بھی بھرتے ہیں...؟
- 20 لاکھ روپئے سے زیادہ کا قرض لینے والے اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے۔
فیکٹ چیک:
تلگو زبان کے ٹیکسٹ مسیج میں کیا گیا دعویٰ فرضی ہے۔ کانگریس حکومت کی جانب سے رعیتو بندھو اسکیم کے رہنمایانہ خطوط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اس معاملے کی جانچ کرنے کیلئے ہم ٹیکسٹ مسیج سے لئے گئے چند کیورڈس استعمال کرتے ہوئے گوگل اوردیگر سرچ انجنس پر سرچ کیا تو، ہمیں متعدد رپورٹیں ایسی ملیں جو اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ اسکیم کے رہنمایانہ خطوط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئِ ہے۔
دکن کرانیکل اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیِ اے ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زمین کے مالک تمام کسانوں کے بینک کھاتوں میں رعیتو بندھو کے تحت ربیع سیزن کے لئے مختص 5 ہزار روپئے فی ایکڑ کی امداد پیر سے جمع کرنا شروع کریں۔ سکریٹریٹ میں پیر (11 دسمبر 2023) کے روز ریونت ریڈی کی قیادت میں منعقدہ اعلی سطحی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔
کسانوں کو فوری طور پر امداد کی ضرورت کے پیش نظر، کانگریس حکومت نے جاریہ ربیع سیزن کے لئے رعیتو بندھو کے تحت استفاده کنندگان کو مالی امداد جانے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران کانگریس پارٹی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد رعیتو بھروسہ کے نفاذ کے لئے رہنما خطوط کو حتمی شکل دیگی تاہم اس اقدام کیلئے وقت کی کمی کی وجہ سے حکومت نے فی الحال رعیتو بندھو اسکیم میں بغیر کوئی تبدیلی کئے فنڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس کی جانب سے رعیتو بندھو اسکیم کا نام بدل کر رعیتو بھروسہ اسکیم کیا جارہا ہے جس کے تحت زمینداوں کے کھیتوں میں مزدوری کرنے والے کسانوں اور زرعی مزدوروں اور دیگر استفادہ کنندگان کو شامل کیا گیا ہے۔
رعیتو بھروسہ کے تحت، کسانوں کو فی سیزن 7ہزار 500 روپے فی ایکڑ مالی امداد دی جائیگی جب کہ رعیتو بندھو کے تحت انہیں صرف 5ہزار روپے ملتے ہیں۔
Hans India نیوز ویب پورٹل کے مطابق کانگریس کے ایم ایل سی جیون ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس حکومت جلد ہی رعیتو بندھو اسکیم میں ضروری تبدیلیاں کرے گی لیکن فی الحال اس اسکیم کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اسلئے پرانے طریقہ کار کی بنیاد پر کسانوں کیلئَے فنڈز جاری کیے جارہے ہیں ۔ ربیع کی فصل بونے کا کام زوروشور سے جاری ہے اسلئے حکومت نے فی الحال مالی امدادی اسکیم میں کسی بحی قسم کی تبدیلی سے گریز کیا ہے۔
حالانکہ یہ واضح نہیں ہے کہ رعیتو بندھو اسکیم کے رہنمایانہ خطوط میں کوئی تبدیلیاں کی جائیں گی یا نہیں، لیکن فی الحال قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کے سی آر حکومت میں بنائی گئی اسکیم کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق استفادہ کنندگان کو فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ یہ دعویٰ کہ رہنمایانہ خطوط میں تبدیلیاں کی گئی ہیں فرضی ہے۔