Fact Check:آر بی آئی کے 5ہزار روپئے کے نوٹ جاری کرنے کے اعلان کی جانئے سچائی
سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ایک خبر عام ہورہی ہیکہ ریزرو بنک آف انڈیا بہت جلد ہزار روُپئے کے سبز رنگ کے نئے نوٹ جاری کرنے والی ہے۔ یہ خبر فرضی ثابت ہوئی۔;
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر ایک خبر عام ہوئی تھی کہ ریزرو بنک آف انڈیا [آر بی آئی] نے 5 روپئے کے سکہ کا چلن کردیا ہے۔ ہماری ٹیم نے تمل زبان میں وائرل اس دعوے کی جانچ پڑتال کی تو پتہ چلا کہ یہ دعویٰ گمراہ کن ہے کیوں کہ مرکزی بنک نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔
چند ہفتوں قبل ایک خبر آئی تھی کہ بازار میں 5 روپئے کے موٹے سکوں کے چلن میں کمی آئی ہے کیوں کہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں ان سکوں کی تیاری میں استعمال کی جانے والی دھات سے شیونگ بلیڈ بنائے جارہے ہیں اور اس طرح ایک سکہ کی بازاری قیمت 5 روُپئے سے زائد پائی گئی اور بنک کے قواعد کے مطابق، کسی بھی سکہ کی دھات کی قیمت اسکی حقیقی قیمت سے تجاوز نہ کرے۔
اس بیچ سوشل میڈیا پر ایک خبر خوب گردش کررہی ہیکہ ریزرو بنک آف انڈیا عنقریب 5 ہزار روپئے کے نئے نوٹ جاری کرن والا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہیکہ سوشل میڈیا صارفین نہ صرف بنک کا اعلان شئیر کررہے ہیں بلکہ اس کی تصویر بھی وائرل کررہے ہیں۔
'دینیک راجیو ٹائمس۔ایم پی' نامی انسٹاگرام پیچ پر 'بریکنگ نیوز' کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہیکہ"आरबीआई जल्द पांच हजार रुपये के नए नोट जारी करने वाला है. इस खबर के बारे में जब से जानकारी मिली है, तब से लोगों के बीच चर्चाएं बढ़ गई हैं "
ترجمہ: " ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) بہت جلد 5000 روپئے کے نئے نوٹ جاری کرنے والا ہے۔ جب سے یہ خبر سامنے آئی ہے ، لوگوں میں یہ بات موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ "
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں،
وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال کے دوران وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کوجعلی پایا۔
اس وائرل دعوے کی تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے ہم نے سب سے پہلے گوگل سرچ کیا تو ہمیں کئی ایک ریزلٹ ملے ۔ یکم جنوری 2025 کو شائع کردہ قابل اعتبار میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے بتایا کہ 2ہزار روپئے کے 98.12 فیصد نوٹ، جو نوٹ بندی کے بعد پہلی بار جاری کئے گئے تھے، بنکوں میں واپس آگئے ہیں اور صرف 6,691 کروڑ روپیوں کی مالیت کے 2ہزار روپئے کے نوٹ عوام کے چلن میں ہیں۔
پھر پم نے ریزرو بنک آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر اس اعلان سے متعلق تلاش کیا تو ہمیں صرف 2ہزار روپئے کے نوٹوں کی واپسی کی حالیہ پریس ریلیز ملی۔
اس خبر کے پس منظر میں لوگوں میں وائرل پوسٹ کو لیکر ایک بے چینی سے دیکھی گئی کیوں کہ ایک جانب مرکزی بنک نے 2ہزار روپئے کے نوٹ واپس لے لئے اور دوسری جانب 5ہزار روپئے کے نوٹ کے اجرا کی خبر عام ہورہی ہے۔
ہم نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اپنی تحقیق جاری رکھی اور X پر ہمیں پریس انفارمیشن بیورو کے PIB فیکٹ چیک کا اکاونٹ ملا جس میں '5ہزار روپئے' کی نوٹ سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل خبر کی تردید کی گئی ہے۔ ٹیم نے یہ بھی کہا کہ یہ دعویٰ فرضی ہے ہے اور RBI نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ معیشت سے متعلق سرکاری معلومات کیلئے آر بی آئی کا آفیشئل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔
ہمیں پتہ لگانا تھا کہ وائرل تصویر میں دکھائی گئی 5 ہزار کی نوٹ کہاں سے آئی ہے۔ ہم نے اپنی جانچ پڑتال جاری رکھی تو ہمیں Reddit نامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے پیج پر 16 ستمبر 2024 کو 5 ہزار روپئے کی فرضی نوٹ کی تصویر والا پوسٹ ملا۔ اس پوسٹ میں تصویر کےساتھ شامل متن میں بتایا گیا ہے۔ "میں نے انڈین کرینسی کی 5ہزار روپئے کی نوٹ ڈیزائین کی ہے۔ [صرف ایک جانب کا ڈیزائین]"
تحقیق سے پتہ چلا کہ وائرل پوسٹ میں '5ہزار روپئے' کی نوٹ سے متعلق مرکزی بنک کے حوالے سے کیا گیا دعویٰ فرضی ہے اور آر بی آئی نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔