Fact Check: دہلی ائیرپورٹ پر سیٹلائیٹ فون رکھنے پر گرفتار غیرملکی خاتون کا ویڈیو گمراہ کن دعوے کے ساتھ وائرل
وائرل پوسٹ میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت میں چوری سے سیٹلائٹ فون لانے کے الزام میں سی آئی ایس ایف عملہ نے دہلی ائیرپورٹ پرایک امریکی خاتون کو گرفتار کرلیا;
بھارت میں بغیر لائسنس کے سیٹلائیٹ فون کا استعمال غیرقانونی ہے۔ دور دراز علاقوں میں سگنل کے فقدان کی وجہ سے عام موبائیل فون کام نہیں کرتے ہوئے اسلئے ایڈونچر پسند افراد، اپنے ساتھ سیٹلائیٹ فون رکھتے ہیں کیوں کہ اس سے وہ خطرہ یا مشکل گھڑی میں ویرانوں میں بھی اپنے گھروالوں، دوستوں یا پولیس سے رابطہ کرکے اپنی لوکیشن شئیر کرسکتے ہیں۔
نومبر 2008 میں ممبئی حملوں کے دوران پاکستانی دہشت گرد سیٹلائیٹ فون کے ذریعے لشکر طیبہ کے اپنے آقاووں سے مسلسل رابطے میں تھے، جس کے بعد سے حکومت نے بنا لائسنس کے اس کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
نومبر 2022 میں دہرہ دون کے جولی گرانٹ ائیرپورٹ پر سی آئی ایس ایف عملہ نے سیکورٹی چیک کے دوران سابق روسی وزیر وکٹر سیمونوف کے پاس سے ممنوعہ سیٹلائیٹ فون برآمد کیا تھا۔ انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد جج نے ایک ہزار روپیہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد انہیں رہا کردیا تھا۔
اس بیچ، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شئیر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جارہا ہیکہ "ایئرپورٹ پر سی آئی ایس ایف نے ایک امریکی خاتون کو بھارت میں "سیٹلائٹ فون" اسمگل کرنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا۔ سوشل میڈیا یوزر نے گرفتار شدہ غیرملکی خاتون کا ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ یہ فون منی پور کے کوکی ملی ٹنٹوں کو تو سپلائی نہیں کررہی ہے۔
دعویٰ: ایئرپورٹ پر تعینات سی آئی ایس ایف نے ایک امریکی خاتون کوبھارت میں "سیٹلائٹ فون" اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ جس کے بعد خاتون نے ایک ویڈیو بنا کر اپنے آقاووں سے مدد طلب کررہی ہے۔ کیا وہ #منی پور کے #کوکی ملی ٹنٹوں کو یہ فون فراہم کرنے کی کوشش کر رہی تھی؟ کیا یہ فون امریکی سرمایہ کار جارج سوروس کی طرف سے بھارت میں اپنے اطالوی نسل کے ایجنٹوں کے لیے بھیجا گیا تھا؟"
وائرل پوسٹ کا لنک یہاں اور آرکائیو لنک یہاں ملاحظہ کریں۔
وائرل پوسٹ میں کئے گئے دعوے کا اسکرین شاٹ یہاں دیکھیں۔
فیکٹ چیک:
تلگو پوسٹ کی فیکٹ چیک ٹیم نے اپنی جانچ پڑتال کے دوران اس وائرل دعوے کو گمراہ کن پایا۔
ہم نے اپنی تحقیق کا آغاز کرتے ہوئے سب سے پہلے مطلوبہ کیورڈس کی مدد سے گوگل سرچ کیا تو ہمیں انگریزی میں کچھ نیوز آرٹیکلس ملے۔
این ڈی ٹی وی نے اپنے آرٹیکل میں وائرل ویڈیو کی تصویر شامل کرتے ہوئے لکھا کہ "اسکاٹ لینڈ کی ہائیکر، ہیتھر، کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھارت میں ممنوعہ سیٹلائیٹ مواصلاتی آلہ Garmin inReach GPS ڈیوائس لانے پر حراست میں لیا گیا۔ ہیتھر، دہلی سے رشی کیش کی فلائیٹ پکڑنے کیلئے جارہی تھی۔
اس جانکاری سے ہم نے اسکاٹ لینڈ کے نیوز آوٹ لیٹس پر سرچ کیا تو ہمیں 'دی اسکاٹش سن' نامی ویب سائیٹ پر اس واقعہ کی رپورٹ ملی جس میں اس خاتون کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔ " 38 سالہ ہیتھر میکنس کا مشغلہ پہاڑوں کی سیر کرنا ہے اور اسلئے وہ بھارت میں رشی کیش پہاڑیوں کی طرف جارہی تھی۔ لیکن دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر 'گارمین ان ریچ" نامی سیٹلاَئیٹ ڈیوائس رکھنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
مزید سرچ کرنے پر ہمیں ہیتھر میکنس کا انسٹاگرام اکاونٹ ملا۔ وہ ایک پیشہ وارانہ ہائیکر ہیں۔ ہیتھر کو انکی پرانی تصویروں میں اپنے لباس پر گارمین ڈیوائس پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس اکاونٹ کے بائیو میں وہ خود کو ایڈونچر پسند بتاتی ہیں۔ وائرل ویڈیو ان کے انسٹاگرام اکاونٹ سے لیا گیا ہے۔ اس طویل پوسٹ میں ہیتھر لکھتی ہیں: " براہ کرم۔ 'گارمین ان ریچ" نامی سیٹلاَئیٹ ڈیوائس کے ساتھ بھارت نہ آئیں۔ کیوں کہ یہاں اس ڈیوائس کا استعمال غیرقانونی مانا جاتا ہے۔" انہوں نے بھارت کے سفر کا ارادہ رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ یہاں آنے سے پہلے تمام جانکاری حآصل کرلیں تاکہ انہیں انکی طرح کسی پریشانی کا سامنا کرنا نہ پڑے۔
ہیتھرنے اپنے انسٹا پوسٹ میں ائیر پورٹ پر انکے ساتھ ہوئَے معاملے کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ "وہ صبح ساڑھے دس بجے دہلی کے ائیرپورٹ پر رشی کیش کیلئے فلائِٹ پکڑنے والی تھی کہ سکیورٹی عملہ نے انکے پاس ممنوعہ ڈیوائیس دیکھ کر انہیں بازو کھڑا کردیا اور پھر حراست میں لے لیا۔ اس دوران انہوں نے اپنے ملک کے سفارت خانے کو فون کیا لیکن عملہ نے بھارت کی قانونی کارروائی میں مداخلت کرنے سے انکار کردیا۔ دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لیا اور پھر انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور رات 9 بجے کے وقت انہیں اس شرط پر رہا کردیا کہ وہ عدالت میں حاضری دیں گی۔"
ان میڈیا رپورٹس کی روشنی میں پتہ چلا کہ متاثرہ خاتون امریکی شہری نہیں بلکہ اسکاٹ لینڈ کی شہری ہیں اور وہ گرامین ڈیوائیس چھپا کر نہیں لے جارہی تھیں بلکہ انہوں نے اس آلے کو سکیورٹی چیک کے قریب ٹرے میں رکھا تھا۔ ایسا کہنا کہ یہ سیٹلائیٹ فون جارج سورس کے کہنے پر یا منی پور کے کوکی انتہا پسندوں کو فراہم کررہی تھیں بے معنی ہوگا۔ لہذا، وائرل پوسٹ ہیتھر سے متعلق میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن ثابت ہوا۔