Fact Check: بھارت کے مالس میں کرسمس ڈیکوریشن میں لارڈ رام کے مجسموں کی کیا ہے سچائی
ان دنوں سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز بڑے پیمانے پر اس جھوٹے دعوے کے ساتھ شیئر کئے جارہے ہیں کہ کرسمس سیزن کے دوران بھارت کے شاپنگ مالس میں کرسمس کے درختوں کے بجائے اب لارڈ رام کے مجسمے نظرآرہے ہیں;
بھارت میں بڑے بڑے مالس ہر تہوار کے موقع پر گاہکوں کو راغب کرنے کیلئَے اسکے احاطے میں بڑے بڑے بینرز، پھرارے اور فیسٹول کی تھیم کے مطابق سجاوٹ کرتے ہیں۔مالس کا انتظامیہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ نت نئے انداز میں مال کی سجاوٹ کی جائے اور ساتھ ہی اس تھیم کے حساب سے مالس میں مجسموں کی نمائش بھی کی جاتی ہے۔ دسہرہ، دیوالی، کرسمس وغیرہ جیسے تہواروں پر مہنگی ترین زیبائش پر انتظامیہ ایک بڑی موٹی رقم صرف کرتا ہے۔
اس بیچ شاپنگ مالس کی سجاوٹ کے سلسلے میں رکھے گئے لارڈ رام کے بڑے مجسموں کے دو ویڈیو وائرل ہو رہے ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اب شاپنگ مالس میں کرسمس کے درخت کی سجاوٹ کے بجائے، لارڈ رام کے مجسمے رکھے جارہے ہیں۔
ہندی میں کیا گیا دعویٰ۔ अद्भुत बदलाव... जयतु सनातन 25 दिसंबर पर क्रिसमस ट्री से सजने वाले मॉल अब भगवान राम जी के भव्य प्रतिमा से सज रहे है, सच में हमारा देश बदल रहा है.. #नया_भारत #जय_श्री_राम”.
ترجمہ: حیرت انگیز تبدیلی... جیتو سناتن 25 دسمبر کو کرسمس کے درختوں سے سجنے والے شاپنگ مالس میں اب لارڈ رام کے عالی شان مجسمے نظر آرہے ہیں، یقینا ہمارا ملک بدل رہا ہے
اس ایک دعوے کے ساتھ دو مختلف ویڈیوز وائرل کیا جارہے ہیں۔
پہلے ویڈیو میں لارڈ رام کے ایک مجسمے کو کمان اور تیر تھامے ہوئَے دکھایا گیا ہے جبکہ دوسرے ویڈیو میں ہنومان کے ساتھ لارڈ رام، لکشمن اور سیتا کے مجسمے رکھے گئے ہیں۔
ویڈیو 1:
ویڈیو 2:
ان ویڈیوز میں کیا گیا دعویٰ گمراہ کن ہے۔ لارڈ رام کے مجسمے پرانے ہیں اور دیوالی کے موقع پر مختلف مالس میں یہ مجسمے رکھے گئَے تھے۔
ویڈیو 1:
اس دعوے کی تحقیق کیلئے جب ہم نے اس ویڈیو سے اخذ کردہ کلیدی فریم کا گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہمیں نومبر 2023 میں پوسٹ کیا گیا ایک یوٹیوب ویڈیو ملا جس کا عنوان تھا "Shree Ram Ji theme this Diwali in Ambience mall I Diwali celebration in Gurgaon"۔
اس ویڈیو میں، ہم گڑگاؤں کے Ambience مال میں دیوالی کے موقع پر کی گئی سجاوٹ دیکھ سکتے ہیں۔
پھر ہم نے گڑگاؤں کے ایمبیئنس مال میں دیوالی کی سجاوٹ سے متعلق گوگل پر سرچ کیا توہمیں مال کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ملا جس میں دیوالی کی سجاوٹ کا ایک ویڈیو اس کیپشن کے پوسٹ کیا گیا تھا "ایمبیئنس مال گڑگاؤں میں دیوالی تہوار کی سحر انگیز دنیا میں قدم رکھیں، سفر شروع کریں۔ کولکاتہ کے باصلاحیت کاریگروں کے ذریعہ تیار کردہ لارڈ شری رام کے 22 فٹ لمبے مجسمے کی شان و شوکت کو دیکھیں۔
اسی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسی مال میں کرسمس کی تقریبات بھی پوسٹ کی گئی ہیں، جن میں تہوار سے متعلق مال کی سجاوٹ کو دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو 2:
جب ہم نے ہنومان کے ساتھ لارڈ رام، لکشمن اور سیتا کے مجسمے کو دکھانے والے ویڈیو کے کلیدی فریم کی مدد سے گوگل ریورس امیج سرچ کیا تو ہم نے پایا کہ دیوالی کے موقع پر لکھنؤ کے فن ریپبلک مال میں یہ مجسمے رکھے گئے تھے۔
مال کے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے دیوالی کے موقع پر ان مجسموں کا ویڈیو شیئر کیا تھا۔
اسی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تازہ ترین پوسٹس میں کرسمس کی تقریبات کے حصے کے طور پر لگایا گیا ایک بہت بڑا کرسمس ٹری دکھایا گیا ہے۔
اس لئے ایک ہی کیپشن کے ساتھ وائرل کئے جانے والے دو ویڈیوز میں بھارت کے دو مختلف مالس میں کرسمس کی تقریبات نہیں بلکہ دیوالی کی سجاوٹ دکھائی گئی ہے۔ یہ دعویٰ گمراہ کن ہے۔