Fact Check: سی ایم جگن اور فیملی کے ساتھ شرمیلا کی تصویر حالیہ نہیں، بیٹے کی شادی کیلئے بھائی کو مدعو کرنے سے متعلق تو قطعی نہیں
وائی ایس آر ٹی پی سربراہ وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت اور ان کے بیٹے راجہ ریڈی کی اٹلوری پریہ سے شادی کے پس نظر میں شرمیلا کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جارہی ہے جس میں شرمیلا کو اپنے بھائی چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، ان کی اہلیہ ، والدہ اور شوہر انیل کمار کے ساتھ خوشی خوشی اپنی فوٹو کھنچواتے دکھایا گیا ہے
وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی بانی وائی ایس شرمیلا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ وہ آندھراپردیش کے وزیر اعلیِ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ہمشیرہ ہیں۔ انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ سیاسی اختلافات کی وجہ سے 2021 میں تلنگانہ میں اپنی سیاسی جماعت کا آغاز کیا تھا۔ تاہم انہوں نے نومبر 2023 میں تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ اب وہ کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی موجودگی میں کانگریس میں رسمی طور پرشامل ہوگئی ہیں۔
ان کے بیٹے، راجہ ریڈی، جو امریکہ میں زیر تعلیم ہے، بہت جلد اپنی گرل فرینڈ پریہ اٹلوری کے ساتھ شادی کرنے والے ہیں۔ شرمیلا نے ٹوئٹر پر شائع اپنے پوسٹ میں اعلان کیا کہ راجہ ریڈی کی منگنی کی رسم 18 جنوری 2024 کو اور شادی 17 فروری 2024 کو ہوگی۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے اپنے بھائی وائی ایس جگن موہن ریڈی کو شادی کی دعوت دینے کیلئے وجئے واڑہ بھی گئی تھیں۔
اس تناظر میں شرمیلا اور ان کے شوہر کی اپنے بھائی وائی ایس جگن موہن ریڈی اور ان کی اہلیہ اور اپنی والدہ کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہے جس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ "وائی ایس شرمیلا @realyssharmila نے اپنے بھائی وائی ایس جگن @ysjagan کو اپنے بیٹے کی شادی کیلئے مدعو کیا اور پہلا دعوت نامہ اپنے بھائی کو دیا۔
ایک اور صارف نے اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ 'خاندانی تعلقات مضبوط ہیں! اگر مرکز میں 2024 میں انڈیا الائنس کی بن بھِی جاتی ہے تب بھی جگن ریڈی کو کوئِی خطرہ نہیں رہے گا! شرمیلا کا انڈیا الائینس میں پیشگی داخلہ!
فیکٹ چیک:
وائرل تصویر میں کیا گیا دعویٰ فرضی ہے کیونکہ یہ تصویر سال 2019 کی ہے۔
اس معاملے کی جان پڑتال کے سلسلے میں جب ہم نے وائرل پوسٹوں میں سے ایک پوسٹ پر کئے گئے تبصرے دیکھے، تو ہمیں ایک کمنٹ میں اشارہ ملا کہ یہ تصویر سال 2019 میں لی گئِ تھی۔ گوگل ریورس امیج سرچ کا استعمال کرتے ہوئے ہم نے اس تصویر کو سرچ کیا تو پتہ چلا کہ یہ تصویر 2019 سے انٹرنیٹ پر موجود ہے اور وائی ایس شرمیلا کی حالیہ دنوں میں اپنے بھائی سے بیٹے کی شادی کیلئے مدعو کرنے سے متعلق ملاقات کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ تصویر Filter Kaapi نامی ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ ہولڈر نے 30 مئی 2019 کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا تھا۔
اپریل 2021 میں علاقائی نیوز ویب سائٹ telugu.samayam.com پر شائع کردہ ایک مضمون میں بھی یہ تصویر شامل کی گئی تھی۔
کئی ٹی وی نیوز چینلوں نے وائی ایس شرمیلا کے وجئے واڑہ میں آمد اور اپنے بھائی اور اہل خانہ سے ملنے اور انہیں اپنے بیٹے کی شادی کیلئے مدعو کرنے کے ویڈیو پوسٹ کئے۔ ان ویڈیوز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھائی بہن کی ملاقات 2 سال بعد ہوئی ہے اور اس ملاقات کے دوران کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی اور اس ملاقات کا واحد مقدم راجہ ریڈی کی شادی کیلئے وائِی ایس جگن کو مدعو کرنا تھا۔
لہٰذا وائرل تصویر پرانی ہے اور اس کا وائی ایس شرمیلا کے تاڈے پلی میں وزیر اعلیِ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں مدعو کرنے سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔