سال 2023 راؤنڈ اپ - تیلگو پوسٹ نے فرضی جانکاری کو کیا بے نقاب، رواں برس قارئین کو حقائق سے کیا روشناس

حقائق کی جانچ پڑتال کرتے کرتے ایک اور سال تقریبا گزر چکا ہے، اور گذرتے برس کے آخری پلوں میں ہم تیلگو پوسٹ ٹیم کی جانب سے کی گئی بہترین اور سب سے بڑی فیکٹ چیکنگ اسٹوریز کا جائزہ لیں گے۔

Update: 2023-12-31 17:30 GMT

2023 Rewind


ہم سے عنقریب جدا ہونے والے برس 2023 میں دنیا میں متعدد واقعات رونما ہوئے اور اس بیچ Telugupost نے اپنے قارئین کو صحیح جانکاری دی اور جھوٹی خبروں کو بے نقاب کیا۔ حقائق کی جانچ پڑتال کرتے کرتے ایک اور سال تقریبا گزر چکا ہے، اور گذرتے برس کے آخری پلوں میں ہم تیلگو پوسٹ ٹیم کی جانب سے کی گئی بہترین اور سب سے بڑی فیکٹ چیکنگ اسٹوریز کا جائزہ لیں گے۔

رواں برس پیش آنے والے روس-یوکرین جنگ، اسرائیل-حماس جنگ، ترکی میں زلزلہ، منی پورفسادات، بالاسور ٹرین حادثہ جیسے بڑے واقعات کو لیکر ملک میں بڑے پیمانے پرعوام میں فرضی خبروں کو پھیلایا گیا اور تیلگو پوسٹ میں ہم نے ان میں سے زیادہ تر جھوٹی خبروں کا پردہ فاش کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کیا۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی فیکٹ چیک رپورٹس:

تیلگو پوسٹ پر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی فیکٹ چیک اسٹوری ایک ویڈیو کے بارے میں تھی جس میں ایک نوجوان خاتون کو پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا اور اس کی بدسلوکی کی وجہ اسکی منشیات کی لت بتائی گئی تھی۔ لیکن بعد میں پتہ چلا کہ بنگلورو کے کورامنگلا سے تعلق رکھنے والی یہ نوجوان خاتون منشیات کی عادی نہیں بلکہ ذہنی معذور تھی۔

بھارت کی خلائی ایجنسی ISRO نے اگست 2023 ، میں جب چندریان-3 مشن کے لینڈر ماڈیول کو چاند کی سطح پر کامیابی کے ساتھ اتارا تھا، تو سوشل میڈیا پر ایک بھاری ٹرک کا ویڈیو وائرل ہوا تھا جس میں ایک بھاری راکٹ سے لدے لمبے ٹرک کو بہت ہی تنگ پل کو عبور کرتے ہوئے دکھاکریہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ٹرک چندریان -3 کا راکٹ لے جا رہا ہے۔ تحقیق کے دوران ہم نے پایا کہ ویڈیو کلپ "Spintires:Midrunner" نامی ایک ویڈیو گیم سے اخذ کیا گیا گیمنگ کلپ ہے۔

تیلگو پوسٹ نے ایک دلچسپ فیکٹ چیک شائع کیا تھا جو ایک وائرل ویڈیو کے بارے میں ہے جس میں Huangzhaoun انٹرچینج پل کودکھانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ یہ انوکھا پل چین کا ایک کثیر سطحی اور پیچیدہ روڈ نیٹ ورک نظام ہے۔ اگرچہ ہوانگ ژاؤن انٹرچینج پل پیچیدہ ہے لیکن ویڈیو میں چین کے انٹرچینج کے مخالف ایک فرضی انٹرچینج دکھایا گیا جس میں متعدد ڈیجیٹل طور پر تبدیل شدہ مناظر تھے۔

اسی طرح، ریاست کرناٹک میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے وائرل ویڈیو کے فیکٹ چیک کو بھی ہمارے قارئین کی طرف سے خوب پذیرائی ملی۔ اس فیکٹ چیک رپورٹ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران برقع پہنی خاتون کلکٹر کے دعوے کی قلعی کھولی گئی تھی۔ تحقیق کے بعد ہم نے واضح کردیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون افسر کرناٹک کی نہیں بلکہ جموں کے کشتواڑ میں ضلع ترقیاتی کونسل کی وائس چیئرمین ہیں۔

جھوٹے پیغامات:

ہم نے دیکھا کہ2023 میں سوشل میڈیا پر کچھ جھوٹے پیغامات شئیر کئے جارہے تھے ۔ تیلگو میں ایک پیغام بڑَے پیمانے پر وائرل کیا جارہا تھا۔ اس فرضِی مسیج میں صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے موبائل فون کو ریچارج نہ کریں کیونکہ بومی ریڈی کشور، اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لئے ان کے موبائیلس کو ریچارج کریں گے۔ اس پیغام میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ صارفین کی جانب سے 4 گروپس اور 10 افراد تک اس مسیج کو پہنچانے کے 5 منٹ کے اندر ان کا موبائل ریچارج ہوجائے گا۔ تاہم، یہ پیغام فرضی ثابت ہوا کیوں کہ اس کا مقصد ہی عوام کو گمراہ کرناتھا۔

اسی طرح، ' اIndia is doing it' نامی ویڈیو پر مشتمل ایک اسپیام میسج واٹس ایپ پر وسیع پیمانے پر شئیر کیا جارہاتھا اوراس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر کوئی اس ویڈیو پر کلک کریگا تو اس کا فون ہیک ہو جائے گا۔ جدید دورکا یہ اسپیام مسیج ایسا ہی جیسے انٹرنیٹ سے پہلے کے زمانے میں 'چین لیٹر' کا چلن تھا، خط یا پمفلٹ حاصل کرنے والے کو ترغیب دلائی جاتی تھی کہ اس پیغام کی مزید کاپیاں چھپواکر دوسروں تک اسے پہنچانے پر اسے فائدہ پہنچے گا اور ایسا نہ کرنے پر اس کے ساتھ کچھ برا معاملہ ہوگا۔

ایک اور فرضی وائرل پیغام میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آندھرا پردیش حکومت اکیلے مشرقی گوداوری ضلع کے پادریوں کی تنخواہوں پر سالانہ 342 کروڑ روپئے خرچ کرتی ہے۔ لیکن یہ پیغام فرضی پایا گیا کیونکہ اطلاعات کے مطابق اے پی حکومت نے ریاست کے تمام 5,196 پادریوں کو فی کس 5,000 روپئے کے اعزازیہ کی ادائیگی کے لئے 2.59 کروڑ روپئے جاری کئے تھے.

ہم نے تیروملا تروپتی دیواستھانم [TTD] کی جانب سے ٹریکنگ راستے پرجنگلی جانوروں سے تحفظ کیلئے پیدل چلنے والے یاتریوں کو لاٹھیوں کیلئے ان سے فی کس 10 روپئے کی مبینہ وصولی کے دعووں پر مشتمل جھوٹے پیغامات کو بھِی بے نقاب کیا۔ اسی طرح، محکمہ انکم ٹیکس کو منسوب کرتے ہوئے وائرل کئے گئے ایک ٹیکسٹ میسج کا بھی فیکٹ چیک کیا جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دئے گئے لنک پراپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات بھریں تاکہ انہیں ان کا ری فنڈ واپس دیا جاسکے۔ اس پیغام میں گھوٹالے کے متن کے ساتھ ایک مشکوک لنک منسلک تھا۔

اسکامس:

تیلگو پوسٹ نے ان دعووں کی بھی قلعی کھول دی جن میں ملک کے کچھ معروف برانڈز کی شبیہ کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی تھی۔ بھارت میں فروخت ہونے والے آشیرواد آٹے کے حلال سرٹیفائیڈ پیاک کی تصویر کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا لیکن تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ یہ حلال سرٹیفائیڈ پیاک اندرون بھارت نہیں بلکہ بیرون ممالک کو آٹا برآمد کرنے کیلئے تیار کیا گیا تھا۔ اسی طرح، امول مکھن دکھانے والے ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین میں تیار کردہ ایک نقلی امول مکھن انڈیا کے مارکیٹ میں فروخت کیا جارہا ہے اور لوگوں کو امول مکھن خریدتے وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ لیکن امول نے اس دعوے کی تردید کی اور ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر Tanishq کی جانب سے تحفے تقسیم کئے جانے کا ایک جھوٹا پیغام شئیر کیا گیا، اور اس پیغام کے ساتھ دیا گیا لنک کلک کرنے پر ایک کلک بیٹ ویب سائٹ کھل رہا تھا جس میں malware بھی ہوسکتا ہے اور موبائیل ڈیوائسز کی ہیکنگ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اسی نوعیت کے ایک اور دھوکہ دہی والے پیغام میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا فالوورس کو کریپٹو کرنسی giveaway میں حصہ لینے کی دعوت دی تھی ، جو کہ ایک اسکام میسیج تھا۔

اسی طرح، سی ایم آر شاپنگ مال، کیمپس برانڈ کے جوتے، نٹراج پنسلوں کی تصاویر کوایسے ہی جھوٹے دعووں کے ساتھ وائرل کیا گیا تھا جو فیکٹ چیکنگ کے بعد فرضی ثابت ہوئیں۔

ڈیپ فیک:

سال کے آخر تک ہم نے انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت artificial intelligence سے پیدا کئے جانے والے میڈیا کے دعوؤں میں اضافہ دیکھا، ہم نے ایک وائرل ویڈیو کو فیکٹ چیک کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایک آکٹوپس نے ایک کار پر چڑھ کراسے تباہ کر دیا۔ دعوے میں یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ امریکہ کے نیو یارک شہر میں سیلاب اور ہنگامی حالت کے دوران، یہ انوکھا واقعہ پیش آیا، تاہم یہ دعویٰ فرضی تھا کیونکہ قطر کے ایک ڈیزائنر نے کمپیوٹرکے سافٹ وئیر سے یہ ویڈیو تیار کیا تھا۔

کمپیوٹر جنریٹیڈ امیجری یعنی CGI کے ذریعے تیارہ کردہ اشتہاری مہم کو دبئی میں برج خلیفہ کے قریب لگائے گئے Barbie فلم کے 3D اشتہار کے طور پرشیئر کیا گیا۔ سی جی آئی کا ایک اور ویڈیو شیئر کیا گیا جس میں ایک شخص ہیلی کاپٹر کے روٹر سے چھلانگ لگا کر اسٹنٹ کر رہا ہے اور اس پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ایک حقیقی واقعہ ہے اور یہ شخص 'روٹر چیلنج' نامی پروگرام میں غیر معمولی اسٹنٹ کر رہا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ حقیقی انسانوں کی شناخت فرض کرنے والے ڈیپ فیک تصاویراورویڈیوز حالیہ دنوں میں کافی حد تک ترقی کرچکے ہیں۔ اس سے جھوٹی خبروں کے پھیلانے والوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ حالیہ دنوں میں انسٹاگرام یوزر، زارا پٹیل کی جانب سے پوسٹ کردہ ویڈیو کو ڈیجیٹل طور پر تبدیل کرکے بھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ویڈیو وائرل کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا ویڈیو میں نیم برہنہ لباس میں ملبوس خاتون دراصل اداکارہ ہی ہے۔

حالیہ دنوں میں تلنگانہ میں منعقده اسمبلی الیکشن کی انتخابی مہم میں بھی ڈیپ فیک ویڈیوز کا بے دریغ استعمال کیا گِیا۔ بالی ووڈ اکار ارجن کپور اور کرکٹر کلدیپ یادو کی ویڈیوز میں ایک پارٹی کے امیدوار کو انتخابات کے لئے نیک خواہشات پیش کی گئیں۔ لیکن تحقیق سے پتہ چلا کہ ان ویڈیوز میں آرٹیفیشل انٹلی جنس سے ہیرا پھیری کی گئی تھی۔ اتراکھنڈ میں سلکیارا ٹنل سے محفوظ طور پر باہر نکالے گئے مزدوروں کی ڈیپ فیک تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل کی گئی تھی۔ اسی طرح ایودھیا ریلوے اسٹیشن کی فرضی خبر کو بھی خوب شئیر کیا گیا اور تیلگو پوسٹ میں ہم نے ان تمام جھوٹی خبروں کو فیکٹ چیک کرکے انہیں بے نقاب کردیا۔

Tags:    

Similar News